ریاض (ہیلتھ ڈیسک): سعودی عرب میں کورونا دوبارہ سر اٹھا رہا ہے، وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز 96 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ ایک شخص کورونا سے ہلاک ہوا۔تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ مملکت میں ہفتے کے روز عالمی وبائی مرض کورونا کے 96 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ، جبکہ ایک شخص کی کورونا سے موت ہو گئی ہے۔
سعودی وزارت صحت کے ترجمان کے مطابق نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد مملکت میں عالمی وبائی مرض کے کیسز کی تعداد مجموعی طور پر 8،30،223 ہو گئی ہے۔
صحت کے حکام نے ہفتے کو کورونا سے ایک شخص کے ہلاک ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مملکت میں اس موذی مرض کا شکار ہونے والوں کی کل تعداد 9619 ہو گئی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق نئے انفیکشنز میں سے 31 ریاض اور 17 جدہ میں ریکارڈ کیے گئے۔ کئی دوسرے شہروں میں ہر ایک میں 10 سے کم نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے۔
عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ کورونا سے 38 مریض صحت یاب بھی ہو چکے ہیں، وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اس مرض سے صحت یاب ہونے والوں کی کل تعداد 817،250 ہو گئی ہے۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کورونا کے 3,354 ابھی بھی فعال ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 3,590 پی سی آر ٹیسٹ کیے گئے، جس سے کل تعداد 45 ملین سے زیادہ ہوگئی۔
وزارت نے کہا کہ موجودہ کیسز میں سے 38 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
سعودی عرب کی حفاظتی ٹیکوں کی مہم شروع ہونے کے بعد تقریباً 69.5 ملین فی صد افراد کو ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں، جس میں 25 ملین سے زیادہ افراد کو مکمل طور پر ویکسین لگائی گئی ہے۔