اسلام آباد (ویب ڈیسک): پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے توشہ خانہ کیس میں الیکشن کمیشن کی شکایت خارج کرنے اور آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کردی۔توشہ خانہ کیس میں عمران خان آج بھی پیش نہ ہوئے۔
وکلا کی جانب سے آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست جمع کرادی گئی۔ اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے عمران خان کو فرد جرم عائد کرنےکے لیے آج طلب کر رکھا ہے، عمران خان کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے ناقابل ضمانت وارنٹ معطل کرکے آج پیشی کا حکم دیا تھا۔
عمران خان کے وکیل خواجہ حارث نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ایسا نہیں ہےکہ عمران خان جان بوجھ کر پیش نہیں ہو رہے، ہم نے اسلام آباد ہائی کورٹ اور لاہور ہائی کورٹ میں پٹیشنز دائر کی ہیں، عمران خان کو سکیورٹی تھریٹس ہیں، عمران خان پر قاتلانہ حملہ ہوا اور وہ زخمی بھی ہوئے۔
وکیل خواجہ حارث نے حاضری سے استثنیٰ کے ساتھ عمران خان کے خلاف الیکشن کمیشن کی شکایت ناقابل سماعت قرار دینےکی استدعا بھی کردی۔
خواجہ حارث نے درخواست کی کہ وارنٹ گرفتاری جاری کرنے سے پہلےکیس کے قابل سماعت ہونےکا فیصلہ کیا جائے، عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری نہیں ہوسکتے، الیکشن کمیشن نے توعمران خان کےخلاف شکایت کی نہیں، عمران خان کے خلاف شکایت ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن نےکی، شکایت میں صرف ہدایات دی گئیں کہ عمران خان کے خلاف کارروائی کی جائے۔
عمران خان کے وکلا نے فردجرم عائد کرنےکی مخالفت کردی اور دلائل میں کہا کہ عمران خان کونوٹس جاری ہوں گے،پیش نہ ہونے پروارنٹ جاری ہوسکتے ہیں، اسلام آباد ہائی کورٹ نے آج تک وارنٹ گرفتاری منسوخ کرنےکا فیصلہ دیا ہے اور قانون کے مطابق کارروائی آگے بڑھانےکی ڈائریکشن دی ہے۔