وسکانسن- امریکہ (ویب ڈیسک): امریکہ کے ایک تفریحی پارک میں رولر کوسٹر خراب ہونے سے درجنوں افراد کئی گھنٹوں تک بےحال ہوکر الٹے لٹکے رہے جنہیں خصوصی کرین کی مدد سے اتارا گیا۔ریاست وسکانسن کے چھوٹے سے شہر کرینڈن میں ’آسیلٹنگ فائربال‘ نامی رولرکوسٹر جب گھوم کر اوپر گئی تو عین اسی وقت جھٹکے سے رک گئی۔ لاکھ کوششوں کے باوجود بھی وہ ٹس سے مس نہ ہوئی اور آخرکار انہیں کرین سے اتارا گیا۔
اتوار کے روز پیش آنے والے اس واقعہ کے 15 منٹ میں فائربریگیڈ اور دیگر عملہ پہنچ گیا لیکن ضروری سامان کی کمی تھی۔ اس کے لیے اطراف کے شہروں سے درخواست کی گئی اور ان سے عملہ اور سیڑھیاں وغیرہ منگوائی گئیں۔ ایک ٹرک بھی لایا گیا جس پر 100 فٹ بلند ہونے والا کرین نما سسٹم موجود تھا۔
اس پورے عمل میں 45 منٹ لگے جبکہ لوگوں کو رولرکوسٹر میں پھنسے لگ بھگ دو گھنٹے پہلے ہی بیت چکے تھے۔ تماشائیوں میں پانچ بچے بھی شامل تھے جو پہلے کچھ گھبرائے اور بعد میں رونے لگے۔ تاہم ایک مریض کی صحت بگڑگئی اور اسے ہسپتال بھی منتقل کیا گیا۔
عملہ اب رولرکوسٹر بند ہونے کی وجوہ جاننے کی کوشش کررہا ہے۔