اسلام آباد (ویب ڈیسک): اسلام آباد کے نجی اسپتال میں نومولود بچی کی ٹانگیں جلنے کے معاملے میں اسلام اباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی نے شافی اسپتال کو لوگوں کے آپریشن کرنے اور سی سیکشن روک دیا۔نجی ٹی وی چینل کے مطابق اسلام آباد میں نومولود بچی کے معذور ہونے کے واقعہ کی ابتدائی رپورٹ مرتب کرلی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ بلب ٹوٹنے سے لگنے والی آگ ’’گھڑی ہوئی کہانی‘‘ لگتی ہے، انکیوبیٹر کا درجہ حرارت بڑھنے سے بچی کی ٹانگیں جلیں۔اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی نے نجی اسپتال کی سروسزمعطل کرتے ہوئے رپورٹ میں کہا کہ واقعے سے متعلق تمام شواہد کو مٹادیے گئے ہیں۔
اتھارٹی کے حکام نے لہتراڑ روڈ پر واقع اس نجی اسپتال کا دورہ کیا اور ابتدائی رپورٹ میں بتایا کہ یہ اسپتال اتھارٹی سے رجسٹر نہیں اسپتال کے معائنے کے دوران درجہ حرارت کا کوئی چارٹ دستیاب نہیں تھا، انتظامیہ کی جانب سے کوئی اصلاحی اقدامات نہیں کیے گئے، آپریشن تھیٹر میں بھی انتہائی افسوس ناک صورتحال ہے۔
ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسپتال میں متعلقہ قوانین کی کئی خلاف ورزیاں پائی گئیں، اگلے احکامات تک اسپتال کے آپریشن تھیٹر میں کوئی پروسیجر نہیں کیا جائے گا۔