ممبئی (شوبز ڈیسک): بھارتی ماڈل و اداکارہ راکھی ساونت کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں انہوں نے عمرے پر جانے کا پیغام دیا ہے۔بھارتی سوشل میڈیا پیجز پر راکھی کا ایک ویڈیو پیغام شیئر کیا گیا ہے جس میں راکھی نے بتایا کہ ’میں بہت خوش نصیب ہوں کہ میں آج پہلی مرتبہ عمرے پر جارہی ہوں، میرا بلاوا آگیا ہے، میں بہت خوش ہوں ‘۔
ویڈیو میں راکھی نے اپنے مداحوں سے دعاؤں میں یاد رکھنے کی درخواست کی اور ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ میں بھی آپ سب کو دعاؤں میں یاد رکھوں گی۔
اس سے قبل پولیس اسٹیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران راکھی عمرے کا بتاتے ہوئے آبدیدہ ہوگئی تھیں۔
راکھی نے بتایا کہ وہ بھابھی کے ساتھ عمرے پر جارہی ہیں لیکن ان کے شوہر عادل خان درانی اور ان کی دوست مل کر مجھے ٹارچر کررہے ہیں۔
اس ویڈیو میں راکھی نے اپنی دوست اور شوہر عادل درانی پر اکاؤنٹ ہیک کرنے کے الزامات بھی عائد کیے تھے۔
واضح رہے کہ چند ماہ قبل راکھی نے عادل درانی کے ساتھ نکاح کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے اپنی شادی کا اعلان کیا تھا، ساتھ ہی راکھی کی جانب سے کلمہ پڑھ کر مسلمان ہونے کی ویڈیوبھی شیئر کی گئی تھی۔