کراچی (ویب ڈیسک): روپےکی قدر میں مزید کمی اور شرح سود بڑھنےکے خدشےکے باعث پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروبار کے دوران شدید مندی دیکھی گئی۔آج کاروبار کے آغاز سے ہی پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے 100 انڈیکس میں مندی کا رجحان دیکھنے میں آیا اور ایک موقع پر انڈیکس 1774 پوائنٹس کم ہو کر 44470 پر پہنچ گیا، آج کاروبار میں ساڑھے 3 فیصد سے زائد کی کمی دیکھی گئی۔
کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 1242 پوائنٹس کی کمی کے بعد 45 ہزار 2 پوائنٹس پر بند ہوا۔
ماہ اگست میں 100 انڈیکس کی گراوٹ 3032 پوائنٹس رہی، اگست میں 100 انڈیکس 4944 پوائنٹس کے بینڈ میں رہا، اگست میں انڈیکس کی بلند ترین سطح 49404 رہی اور کم ترین سطح 44459 رہی۔
اگست 2023 میں 6 ارب 53 کروڑ شیئرز کے سودے ہوئے، پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے اگست کےکاروبار کی مالیت 253 ارب روپے رہی، اگست میں مارکیٹ کیپٹلائزیشن 515 ارب روپے کم ہوئی اور مارکیٹ کیپٹلائزیشن اگست کےاختتام پر 6715 ارب روپے ہے۔
معاشی تجزیہ کار محمد سہیل کا کہنا ہے کہ روپے کی قدر میں گراوٹ اور شرح سود بڑھنےکا اندیشہ اسٹاک مارکیٹ میں گراوٹ کا سبب ہے۔