کراچی (ویب ڈیسک): میٹرک بورڈ میں نتائج کی تبدیلی کے معاملے سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آگئیں۔نجی ٹی وی چینل نے میٹرک کے نتائج میں تبدیلی کے معاملے پر تبدیل کیے گئے نتائج کے رول نمبر حاصل کرلیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق طلبہ کے نتائج آئی ٹی سیکشن میں تبدیل کیے گئے اور آئی ٹی سیکشن نے یہ کام ناظم امتحانات کی ہدایت پر کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں سال تقریباً 2300 رول نمبرز کے نتائج تبدیل کیے گئے اور نتائج تبدیلی کیلئے فی رول نمبر 50 ہزار روپے ریٹ فکس کیا گیاتھا۔
ذرائع نے مزید انکشاف کیا کہ کم نمبر حاصل کرنے والے طلبہ کو اچھے نمبروں سے پاس کیا گیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل میٹرک امتحانات کے نتائج میں ہزاروں طلبہ کو یکساں نمبرز دینے جیسی بے قاعدگیوں کا انکشاف ہوا تھا جس کی دستاویزات بھی نجی ٹی وی نے حاصل کی تھیں۔