اسلام آباد (ویبڈیسک): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ کا کہنا ہے تحریک انصاف کی جانب سے یورپی یونین کو کہا جا رہا ہے کہ پاکستان کا جی ایس پی پلس اسٹیٹس واپس لیا جائے۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کچھ سیاسی عناصر اپنے مقاصد کے لیے معیشت کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، انکی کوشش رہی کہ آئی ایم ایف کا پاکستان کے ساتھ معاہدہ نہ ہو، انکی کوشش رہی کہ ملک دیوالیہ ہو جائے لیکن شہبازشریف کے اقدامات سے ایسا نہیں ہوا۔
ان کا کہنا تھا قومی مفاد کا تحفظ ہماری اولین ذمہ داری ہے لیکن ایک سیاسی جماعت کو قومی مفاد نظر نہیں آتا نہ ان کو معیشت کی بحالی کی پرواہ ہے۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف کو خط لکھ کر گھناؤنی سازش کی، وزیراعظم شب و روز معیشت کی بہتری کے لیے کام کر رہے ہیں، وزیر خزانہ محمداورنگزیب ملک کی معیشت سنبھالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا پی ٹی آئی کی طرف سے یورپی یونین کو کہا جا رہا ہے کہ پاکستان کا جی ایس پی پلس اسٹیٹس واپس لیا جائے۔
عمران خان سے متعلق سوال پر وزیر اطلاعات کا کہنا تھا بانی پی ٹی آئی کو ہفتے میں چار روز ملاقات کی اجازت دی جا رہی تھی، جیل مینوئل کے مطابق قیدی کو ہفتے میں ایک ملاقات کی اجازت ہے۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا بانی پی ٹی آئی کو جیل میں شاہانہ سہولیات مہیا کی گئی ہیں، جیل مینوئل سے ہٹ کر مزید سہولیات کے لیے آپ عدالتوں سے رجوع کریں، آپ کو جیل میں جو سہولیات مل رہی ہیں اور کسی قیدی کو میسر نہیں ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کو ایک کچن، ایک اضافی کمرہ اور ایک گیلری واک کرنے کے لیے دی گئی ہے، یہ قید کے دوران کئی سو ملاقاتیں کر چکے ہیں، انہیں ورزش کا سامان جیل میں دیا گیا جو ہر کسی کو میسر نہیں ہے۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا ڈیرہ غازی خان، میانوالی اور اڈیالہ جیل کا سکیورٹی آڈٹ کیا جا رہا ہے۔