ٹیکساس- امریکا (ویبڈیسک): سمندر متعدد پراسرار مخلوقات سے بھرے ہوتے ہیں جن میں بیشتر کی جھلک بھی انسانوں کو کبھی کبھار نظر آتی ہے۔ایسے ہی ایک خوبصورت مگر پراسرار سمندری جاندار امریکی ریاست ٹیکساس کے ساحلوں پر نظر آیا ہے مگر اس کے باعث لوگوں کو وہاں جانے سے خبردار کیا گیا ہے۔Glaucus Alanticus نامی سمندری گھونگے کو بلیو ڈریگن کے نام سے زیادہ جانا جاتا ہے جو بہت بڑی تعداد میں ٹیکساس کے ساحلوں پر بہہ کر پہنچے ہیں۔
بحری حیات کے ماہر ڈیوڈ کیمبل نے بتایا کہ بلیو ڈریگن کی آمد حادثہ نہیں کیونکہ یہ جاندار سمندری بہاؤ کے ساتھ سفر کرتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ یہ بہت کمزور تیراک ہوتے ہیں اور ہوا جہاں انہیں لے جائے چلے جاتے ہیں۔
یہ جاندار جہاں بھی جائیں، یہ الٹا تیرتے ہیں مگر دیکھنے میں خوبصورت نظر آنے والے یہ گھونگے بہت خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ ساحلوں پر ان کی بھرمار دیکھ کر ٹیکساس کے مختلف اداروں کی جانب سے لوگوں کے لیے انتباہی بیانات جاری کیے گئے ہیں۔
Harte ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے ڈائریکٹر اور ٹیکساس اے اینڈ ایم یونیورسٹی کے پروفیسر Jace Tunnell نے ایک فیس بک پوسٹ میں کہا کہ خبردار بلیو ڈریگن کو چھونے کی کوشش نہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ موسم بہار کی ہوائیں مختلف جانداروں کے نمودار ہونے کی وجہ بنتی ہیں اور اسی وجہ سے کبھی کبھار نظر آنے والے بلیو ڈریگن بھی ٹیکساس کے ساحلوں پر پہنچ گئے۔
انہوں نے کہا کہ ویسے تو یہ گھونگے ایک انچ بڑے ہوتے ہیں مگر ان کا ڈنک بہت طاقتور ہوتا ہے۔
ماہرین اور عام افراد اس بات پر متفق ہیں کہ پرندے جیسا نظر آنے والا یہ جاندار مقبول گیم پوکیمون کا کوئی کردار نظر آتا ہے۔
ماہرین کے مطابق دیکھنے میں تو بلیو ڈریگن خوبصورت ہے مگر اس میں موجود زہر اسے بہت خطرناک بناتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ ایک وقت میں بہت زیادہ زہر خارج کرتا ہے اور ڈنک سے جو زخم بنتا ہے اس کا نشان عمر بھر برقرار رہتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسے چھوٹے اور خوبصورت جانوروں کو دیکھ کر اکثر افراد مضحکہ خیز حرکتیں کرتے ہیں اور انہیں چھونے کی کوشش تو لازمی کرتے ہیں، مگر ایسا کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔