کراچی (شوبز ڈیسک): آرٹس کونسل کراچی میں جاری 38 روزہ ورلڈ کلچر فیسٹیول میں معروف بھارتی ڈرامہ نگار جاوید صدیقی کا تحریر کردہ ڈرامہ ‘سالگرہ’ پیش کیا گیا۔نجی میڈیا گروپ کے اشتراک سے جاری عالمی ثقافتی میلے کے دوران مشہور ڈرامہ ‘سالگرہ’ پیش کیا گیا، یہ کہانی ہندی اور اردو ادب میں اپنی منفرد پہچان رکھتی ہے، ہدایتکار پارس مسروس نے اس کھیل کو سندھی زبان میں پیش کر کے نیا رنگ دیا۔
ڈرامے میں معروف اداکار پارس مسرور اور سبرینا نے مرکزی کردار ادا کیے جن کی جاندار اداکاری کو ناظرین نے بے حد پسند کیا جب کہ شائقین نے ناصرف اداکاری کو سراہا بلکہ کہانی کے جذباتی پہلو کو بھی خوب داد دی۔
ڈرامہ دیکھنے کے لیے شائقین کی بڑی تعداد تھیٹر میں موجود رہی، ان کا تاثر تھا کہ اس طرح کے ڈرامے معاشرتی مسائل اُجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ ہماری زندگی کے ایسے پہلو بھی نمایاں کرتے ہیں جنہیں دیکھ کر کبھی خوشگوار حیرت ہوتی ہے تو کبھی اداسی اپنی لپیٹ میں لے لیتی ہے۔