کراچی (ویب ڈیسک): روسی قانون دان اور سوسیج انڈسٹری ٹائیکون بھارت میں ہوٹل کی چھت سے گرکر ہلاک ہوگئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس کا بتانا ہےکہ قانون دان اور بزنس ٹائیکون پاول انتوف ہوٹل کی تیسری منزل سے گر ہلاک ہوئے اور وہ ہوٹل کے باہر مردہ حالت میں پائے گئے جب کہ دو روز قبل ان کے ساتھ آنے والے روسی دوست بھی ہوٹل میں پرسرار طور پر مردہ پائے گئے تھے جن کے قبضے سے شراب کی بوتلیں بھی برآمد ہوئیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے اس واقعے کے بعد روسی باشندوں کی موت کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
پولیس کے مطابق دوست کی موت کے بعد پاول ذہنی دباؤ کا شکار تھے جس کی وجہ سے ان موت واقع ہوئی جب کہ انڈین میڈیا کی جانب سے پاول کی موت کو خودکشی قرار دیا جارہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دہلی میں قائم روسی سفارتخانے کی جانب سے دونوں شہریوں کی موت کی تصدیق کی گئی ہے جب کہ کولکتہ میں روسی قونصل جنرل نے کہا ہےکہ وہ انتظامیہ سے رابطے میں ہیں اور پولیس کو دستیاب معلومات کے مطابق کوئی مجرمانہ پہلو نظر نہیں آرہا ہے۔