کراچی (نجات نیوز): سندھ بھرمیں بھی جئے سندھ قومی محاذ کی مرکزی کال پر جسقم اور جساف نے بڑھتی مہنگائی اور غیر قانونی مردم شماری کے خلاف پریس کلبوں کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔جہاں انہوں نے ہاتھوں میں پارٹی پرچم اور مطالبات کے بینر لے کر نعرے بھی لگائے.
اس موقع پر لاڑکانہ میں مرکزی رہنما اطہر سومرو، جسقم کے ضلعی صدر عزیز الرحمن شیخ، جساف کے مرکزی رہنما اشرف کلہوڑو، جمیل گاد، طارق کورائی، آفتاب میرانی، امتیاز مورو اور دیگر نے کہا کہ کتنی ستم ظریفی ہے کہ شاہوکار سندھ کے مالکان بھوک، بدحالی اور بے روزگاری کی زندگی گزار رہے ہیں، مہنگائی بڑھ گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ لوگ مٹھی بھر آٹے کے لیے پریشان ہیں۔اُس پر ظلم یہ کہ غیر قانونی طور پر مردم شماری کروا کر سندھ کے عوام کو اقلیت اور غلامی کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔
مظاہرین نے کہا کہ حکمران دن بدن امیر ہوتے جا رہے ہیں اور سندھ کے عوام خودکشیوں پر مجبور ہو چکے ہیں۔
رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ مہنگائی کا خاتمہ کرکے اورغیر قانونی ڈیجیٹل مردم شماری کو روکا جائے۔