کراچی (نیوز ڈیسک): وزیراعظم محمد شہبازشریف کی زیر صدارت قومی اپیکس کمیٹی کا اجلاس آج ہو گا۔تفصیلات کے مطابق اپیکس کمیٹی کا اجلاس آج پشاور میں ہوگا جس میں صوبائی دارالحکومت میں دہشت گردی کے حالیہ واقعے کے تناظر میں دہشت گردی کے خاتمے اور محکمہ انسداد دہشت گردی اور پولیس کو اپ گریڈ کرنے کے اقدامات پر غور کیا جائے گا۔
گورنر ہاؤس پشاور میں ہونے والے کمیٹی کے اجلاس میں وفاقی وزراء، چاروں صوبوں، گلگت بلتستان کے وزراء اعلیٰ، آزاد کشمیر کے وزیراعظم، سیکورٹی فورسز، پولیس حکام اور اعلیٰ سرکاری افسران شرکت کریں گے۔
اسکے علاوہ وزیراعظم نے پی ٹی آئی کے دو نمائندوں کو بھی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں مدعو کیا ہے اور اس حوالے سے دعوت نامہ وفاقی وزیر ایاز صادق نے پہنچایا ہے۔
وزیر نے پی ٹی آئی رہنماؤں سے درخواست کی کہ وہ اپیکس کمیٹی کے اجلاس کے لیے پارٹی کے نامزد کردہ دو نمائندوں کے بارے میں آگاہ کریں۔