پشاور(ویب ڈیسک): وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے آج ہی اسمبلی تحلیل کرنے کا اعلان کردیا۔ صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی کی تحلیل کے لیے سمری آج ارسال کریں گے اور ملکی مفاد میں اسمبلی آج ہی تحلیل کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار سال انتہائی خوش اسلوبی سے گزرے، تمام کابینہ ارکان، حکومتی، اپوزیشن ارکان اور بیورو کریسی کا شکر گزار ہوں، عوام کا خصوصی شکریہ جنہوں نے مجھ پر اعتماد کیا۔
وزیراعلیٰ محمود خان کا کہنا تھا کہ عام انتخابات میں پورے ملک میں دو تہائی اکثریت سے حکومت بنائیں گے، امپورٹڈ حکمرانوں کے باعث ملک میں عدم استحکام ہے، اب کرپٹ ٹولے سے چھٹکارا ناگزیر ہو چکا ہے۔
دوسری جانب ترجمان کے پی حکومت بیرسٹر سیف نے بھی دعویٰ کیا ہےکہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا آج رات 12 بجے سے قبل اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری دستخط کرکے بھیج دیں گے۔
علاوہ ازیں اپوزیشن لیڈر خیبرپختونخوا اسمبلی اکرم خان درانی کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ نےقریبی ساتھی کےذریعے پیغام دیا کہ عدم اعتماد پیش کریں، تین وزراء نے ان کے بندے سے بات کی ہے۔