لاس اینجلس (شوبز ڈیسک): امریکی اداکار بریڈ پٹ نے اپنے لاس اینجلس کے گھر کو فروخت کرنے کا ارادہ کر لیا جس کیلئے انہیں خریدار بھی مل گیا ہے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق بریڈ پٹ لاس فیلیز کے پڑوس میں موجود اپنے اس تقریباً 30 سال پُرانے وسیع و عریض گھر کو جنوری سے بیچنے کی کوشش کر رہے تھے۔
امریکہ میڈیا کے مطابق اداکار اپنی جائیداد 40 ملین امریکی ڈالرز میں فروخت کر رہے ہیں جس کیلئے انہیں خریدار بھی مل چکا ہے۔ یہ وہ گھر ہے جہاں بریڈ پٹ اور ان کی سابقہ اہلیہ انجیلینا جولی نے اپنے چھ بچوں کی پرورش کی۔
بریڈ پٹ نے 1.9 ایکڑ پر مشتمل اپنی اس جائیداد کو بیچنے کا فیصلہ اس لئے کیا ہے کیونکہ وہ سابقہ اہلیہ انجیلینا جولی سے طلاق کے بعد لاس اینجلس میں چھوٹا گھر تلاش کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ امریکی سُپر اسٹار انجیلینا جولی نے پریڈ پٹ پر الزام عائد کیا تھا کہ ان کے شوہر نے ان پر اور بچوں پر تشدد کیا ہے جس کے بعد 2019 میں اس جوڑے نے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔