کراچی (ویب ڈیسک): ایوارڈ یافتہ متنازع پاکستانی فلم ’جوائے لینڈ‘ کے مرکزی اداکار علی جونیجو نے امریکا میں ہر سال ہونے والے مشہور فلمی میلے ’پام اسپرنگ فلم فیسٹیول‘ میں بڑا ایوارڈ جیت لیا۔
پام اسپرنگ فلم فیسٹیول میں دنیا بھر کی فلمیں پیش کی جاتی ہیں اور اس بار پاکستانی فلم ’جوائے لینڈ‘ کو بھی ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔
حیران کن طور پر پاکستانی فلم کے اداکار علی جونیجو نے دنیا بھر کے اداکاروں کو مات دیتے ہوئے بہترین انٹرنیشنل اداکار کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔
بہترین انٹرنیشنل اداکار کا ایوارد پام اسپرنگ فیسٹیول کا دوسرا بڑا ایوارڈ ہے، میلے کا سب سے اہم ترین ایوارڈ بہترین فلم کا ہے جو اس بار فرانسیسی فلم نے جیتا۔
علی جونیجو نے ایوارڈ فیسٹیول میں شرکت نہیں کی، تاہم انہوں نے میلے کے لیے اپنے ویڈیو پیغام میں منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی اپنی فلم کی ٹیم کی بھی تعریفیں کیں۔
انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں ’جوائے لینڈ‘ کو اپنا بچہ قرار دیا اور کہا کہ انہوں نے اس میں بڑی محنت کی اور ساتھ ہی ان کی ٹیم نے ان کے کردار کو نکھارنے اور بہتر بنانے کے لیے جدوجہد کی۔
علی جونیجو نے ساتھی اداکاراؤں راستی فاروق اور علینا خان کا بھی شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی انہوں نے ہدایت کار صائم صادق جب کہ پروڈیوسر سرمد کھوسٹ کی بھی تعریفیں کی۔
علی جونیجو کو پام اسپرنگ فلم فیسٹیول میں بہترین اداکار کا ایوارڈ دیے جانے کے حوالے جہاں فیسٹیول کے آفیشل اکاؤنٹس سے معلومات شیئر کی گئی، وہیں ’جوائے لینڈ‘ کے آفیشل انسٹاگرام پیج پر بھی مداحوں کو خوشخبری سنائی گئی۔
علی جونیجو کا ’جوائے لینڈ‘ کا یہ دوسرا عالمی ایوارڈ ہے، اس سے قبل انہوں نے برازیل میں ہونے والے فسٹیول ساؤ پولو انٹرنیشنل فلم فسٹیول میں نومبر 2022 میں بہترین اداکار کا ایوارڈ دیا گیا تھا۔
علی جونیجو کے علاوہ ’جوائے لینڈ‘ کو بھی جہاں گزشتہ برس ’کانز‘ فلم فیسٹیول میں ایوارڈ دیا گیا تھا، وہیں اسے ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں بھی سراہا گیا تھا۔
ساتھ ہی فلم کو دنیا کے سب سے معتبر ایوارڈ ’آسکر‘ کے لیے بھی شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔
فلم کو کہانی کی وجہ سے پاکستان میں تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور اس پر ابتدائی طور پر پابندی بھی عائد کی گئی تھی، تاہم بعد ازاں اسے جزوری طور پر ملک بھر میں دکھایا گیا تھا۔
ہدایت کار صائم صادق کی اس فلم کی کاسٹ میں سرمد کھوسٹ، ثروت گیلانی، علینا خان، سہیل سمیر، سلمان پیر، ثانیہ سعید، کنول کھوسٹ، زویا احسن، ثنا جعفری اور قاسم عباس سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔
’جوائے لینڈ‘ کی کہانی ایک ایسے نوجوان کے گرد اور مخنث ڈانسر کے گرد گھومتی ہے جو ڈانس کلب میں کام کرنے کے دوران ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہو جاتے ہیں۔
فلم کو کہانی کے اچھوتے موضوع کی وجہ سے کافی سراہا گیا اور پاکستان جیسے معاشرے میں معیوب سمجھے جانے والے موضوع پر فلم بنانے کی وجہ سے ہی اس کی ٹیم کو اعلیٰ ترین عالمی ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔