ممبئی(شوبز ڈیسک): بالی ووڈ کے دبنگ اسٹار اور “ٹائیگر 3″ کے جاسوس سلمان خان نے کہا ہے کہ آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کا فائنل بھارت ہی جیتے گا۔بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز “ٹائیگر 3″ کے فلمسازوں نے فلم کی شاندار کامیایی پر ممبئی میں ایک تقریب کا اہتمام کیا جس میں سلمان خان، کترینہ کیف اور عمران ہاشمی نے شرکت کی۔
تقریب میں “ٹائیگر 3″ کے اسٹارز نے فینز کی محبت کے لیے اُن کا شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی اپنے فینز سے بات چیت بھی کی۔
اس موقع پر سلمان خان نے 19 نومبر کو ہونے والے آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کے فائنل میچ کے حوالے سے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا جوکہ بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔
سلمان خان نے کہا کہ “بھارتی کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ کا ہر میچ جیتی ہے اور مجھے یقین ہے کہ ورلڈ کپ کا فائنل بھی بھارت ہی جیتے گا”۔
اداکار نے کہا کہ “ورلڈ کپ کے دوران ہی ہم اپنی فلم “ٹائیگر 3″ کے ساتھ آپ کے سامنے آئے، ورلڈ کپ کی وجہ سے فلم نے اچھی کمائی کی، اب فائنل میچ کے بعد آپ سب نے واپس سنیما گھروں میں آنا ہے اور “ٹائیگر 3″ دیکھنی ہے”۔
یاد رہے کہ منیش شرما کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم “ٹائیگر 3″ رواں ماہ 12 نومبر کو دیوالی کے موقع پر ریلیز ہوئی تھی، یہ فلم عالمی باکس آفس پر 300 کروڑ کے کلب میں داخل ہوگئی ہے۔
“ٹائیگر 3″ میں جہاں سلمان خان نے جاسوس ایجنٹ کا کردار ادا کیا ہے تو وہیں کترینہ کیف بھی زویا نامی جاسوس کے کردار میں نظر آئیں جبکہ عمران ہاشمی نے فلم میں وِلن کا کردار نبھایا ہے۔
واضح رہے کہ میگا ایونٹ کے فائنل میں میزبان بھارت اور آسٹریلیا کی ٹیمیں احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کل مدمقابل ہوں گی۔