کراچی (ویب ڈیسک): سعودی عرب، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور دیگر خلیجی ریاستوں میں عید الاضحیٰ آج منائی جا رہی ہے۔مسجد الحرام مکہ مکرمہ اور مسجد نبوی مدینہ منورہ میں نماز عید ادا کر دی گئی۔دوسری جانب برطانیہ، کینیڈا اور امریکا میں اس بار بھی کمیونٹیز تقسیم ہیں، بعض افراد آج اور بعض کل عید منائیں گے۔پاکستان میں کل عید منائی جائے گی، قربانی بک کروانے والوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔
دوسری جانب حجاج کرام آج بڑے شیطان کی رمی کر رہے ہیں، قربانی کرکے سر منڈوائیں گے اور احرام کھول دیں گے، پھر طواف و زیارت کریں گے، صفا اور مروہ کے درمیان عام لباس میں سعی کریں گے۔
حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کرنے کے بعد لاکھوں حجاج کرام گزشتہ رات مزدلفہ پہنچے تھے۔
مسجد نمرہ میں خطبہ حج دیتے ہوئے شیخ ڈاکٹر یوسف بن محمد نےکہا کہ مسلمانوں کا آپس میں مل کر رہنا ضروری ہے، تفرقے سے دور رہنے کا حکم ہے، جھگڑا کرنے والوں کو سمجھایا جائے، اتفاق پیدا کرنا معاشرے، خاندان اور ہر فردکی ذمہ داری ہے۔
شیخ یوسف بن محمدکا کہنا تھا کہ حکم دیا گیا ہے کہ نماز ادا کی جائے، زکوٰۃ دی جائے، غریبوں کی مدد کی جائے، حج بھی ارکان اسلام میں سے ایک رکن ہے، اللہ کی عبادت ایسے کرو کہ وہ تمہیں دیکھ رہا ہے، کسی عربی کو عجمی پر اور عجمی کو عربی پر فضیلت حاصل نہیں، جس طرح اس مہینے کی حرمت ہے اسی طرح جان مال کی حرمت ہے، دن رات کا آناجانا اللہ تعالی کی نشانیاں ہیں، اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لو، اللہ کی حدود کی حفاظت کا مطلب ہے کہ ہم صرف اللہ کی عبادت کریں، ہر نبی نے یہ ہی دعوت دی کہ ایک اللہ کی عبادت کرو، نماز ، روزہ ، زکوٰۃ اور حج کا حکم اللہ نے دیا ہے۔