(ویب ڈیسک ):غزہ پر اسرائیل کی مسلسل جارحیت جاری ہے جس میں اسرائیلی بمباری سے ٹیلی فون اور انٹرنیٹ سمیت مواصلاتی نظام مکمل بند ہوگیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق فلسطین کی ٹیلی کمیونیکیشنز ایجنسی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ غزہ کی پٹی میں آج انٹرنیٹ سمیت تمام مواصلاتی نظام منقطع کردیا گیا ہے۔
مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ ایکس پر فلسطین کی ٹیلی کمیونیکیشنز کمپنی (پالٹل) نے کہا کہ میرے وطن کے پیارے لوگوں، آج ہم دکھ کے ساتھ یہ اعلان کرتے ہیں کہ مواصلات سمیت انٹرینٹ سروس غزہ پٹی میں مکمل طور پر ختم کردی گئی ہے۔
شہید فلسطینیوں کی تعداد 8 ہزار 500 سے تجاوز کرگئی
دوسری جانب غزہ میں اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ 26 ویں دن بھی جاری ہے اور فضائی بمباری کے ساتھ ساتھ زمینی حملے بھی تیز کر دیے گئے ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی حملوں میں شہدا کی مجموعی تعداد 8 ہزار 500 سے زیادہ ہوگئی ہے اور 23 ہزار سے زائد زخمی ہیں، شہید افراد میں 3542 بچے اور 2187 خواتین بھی شامل ہیں جب کہ 2 ہزار افراد اب بھی تباہ شدہ عمارات کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جن میں 1100 بچے بھی شامل ہیں۔
اسپتالوں کے لیے ایندھن کے ہر قطرے کی تلاش کے بعد اب ہم اپنے سفر کے اختتام پر پہنچ گئے ہیں: فلسطینی وزارت صحت
اس کے علاوہ غزہ میں اسرائیل نے وحشیانہ بمباری کے ساتھ ساتھ 9 اکتوبر سے ایندھن کی سپلائی بھی بند کر رکھی ہے جس کے نتیجے میں طبی نظام مکمل طور پر بند ہونے کے نزدیک ہے۔
فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہےکہ لوگوں کے لیے تمام تر کوششوں اور اسپتالوں کے لیے ایندھن کے ہر قطرے کی تلاش کے بعد اب ہم اپنے سفر کے اختتام پر پہنچ گئے ہیں، اگر کوئی معجزہ نہیں ہوتا تو شفا اسپتال کا جنریٹر یکم نومبر کو بند ہو جائے گا۔
غزہ میں ہر 10 منٹ میں ایک بچہ شہید ہو رہا ہے: یونیسیف
ادھر اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف کی جانب سے غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کے باعث مرنے والے بچوں سے متعلق اعداد و شمار جاری کیے گئے ہیں۔
یونیسیف نے اپنے بیان میں کہا کہ غزہ میں ہر 10 منٹ میں ایک بچہ شہید ہو رہا ہے اور غزہ میں ہر روز 420 سے زائد بچے اسرائیلی بمباری سے شہید یا زخمی ہو رہے ہیں۔