ہیملٹن (اسپورٹس ڈیسک): پاکستان کے خلاف پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے گرین شرٹس کو جیت کے لیے 195 رنز کا ہدف دیا ہے۔ہیملٹن میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز فن ایلن اور ڈیوڈ کونوے نے کیا اور کیوی ٹیم کو پہلا نقصان 59 رنز پر ہوا جب کونوے عامر جمال کی گیند پر فخر زمان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ کپتان ولیمسن 26 رنز بنا کر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے جبکہ فن ایلن نے 41 گیندوں پر 74 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 5 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔
مچل سینٹنر نے 25 اور ڈیوڈ کونوے نے 20 رنز کی اننگز کھیلیں جبکہ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 38 رنز دیکر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ عباس آفریدی کے حصے میں 2 وکٹیں آئیں، ایک ایک کھلاڑی کو اسامہ میر اور عامر جمال نے آؤٹ کیا۔
پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلا ٹی ٹوئنٹی کھیلنے والی ٹیم کو ہی برقرار رکھا ہے۔ پاکستان ٹیم میں کپتان شاہین آفریدی کے علاوہ محمد رضوان، صائم ایوب، بابراعظم، فخر زمان، افتخار احمد، اعظم خان، عامر جمال، عباس آفریدی اور حارث رؤف شامل ہیں۔
دوسری جانب نیوزی لینڈ کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اور میٹ ہنری کی جگہ مچل سینٹنر کی واپسی ہوئی ہے۔
یاد رہے کہ پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 46 رنز سے شکست دی تھی، میزبان ٹیم کو سیریز میں ایک صفر کی سبقت حاصل ہے۔