اسلام آباد (ٹیک ڈیسک): ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے پڑوسی ملک بھارت کے چاند پر جانے کو اہم سائنسی فتح قرار دیتے ہوئے بھارتی سائنسی ادارے اسرو کی تعریف کی ہے۔ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا کہ بھارت کے چاند پر جانے پر بھارتی اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن (اسرو ) تعریف کا مستحق ہے۔
دوسری جانب ترجمان دفترخارجہ نے بتایا کہ وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کل وزارت خارجہ کا دورہ کیا تھا جس دوران وزیراعظم کو پاکستان کے دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات پر بریفنگ دی گئی، وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے وزارت خارجہ کو اپنا خارجہ پالیسی کا تصور دیا اور نگران وزیراعظم نے وزارت خارجہ اور بیرونی مشنز کو اوورسیز پاکستانیوں کو سہولیات دینے کی ہدایات جاری کیں۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق سعودی عرب کے وزیر حج نےگزشتہ ہفتے پاکستان کا دورہ کیا، سعودی وزیرحج سے پاکستانی زائرین کو حج و عمرہ میں سہولیات دینےکے امور پربات چیت ہوئی اور سول ایوی ایشن اتھارٹی اور حکومت پاکستان کے درمیان حج کے حوالے سے معاہدہ بھی ہوا۔