کراچی (اسپورٹس ڈیسک): ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 8 ویں ایڈیشن کے چھٹے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو 6 رنز سے ہرا دیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے 169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 162 رنز بنا سکی اور یوں اسے 6 رنز سے شکست ہوئی۔
ایونٹ میں کراچی کنگز کی یہ مسلسل تیسری ناکامی ہے۔
کوئٹہ نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مارٹن گپٹل نے پی ایس ایل 8 کی پہلی سنچری جڑ دی، وہ آخری گیند پر 117 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مارٹن گپٹل نے پی ایس ایل 8 کی پہلی سنچری جڑ دی— فوٹو: پی ایس ایل
میچ کے 19 ویں اوور میں مارٹن گپٹل نے کراچی کنگز کے فاسٹ بولر اینڈریو ٹائی کیخلاف 30 رنز بنا ڈالے اور اسی دوران اپنی سنچری بھی مکمل کی۔ فاسٹ بولر اینڈریو ٹائی کو گپٹل نے تین چھکے اور تین چوکے رسید کیے۔
کیوی بیٹر نے 62 گیندوں پر سنچری مکمل کی جس میں 11 چوکے اور 4 چھکے شامل ہیں۔