کراچی (ٹیک ڈیسک): میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ نے ایک دہائی سے زائد عرصے بعد ٹوئٹر پر پہلی ٹوئٹ کرتے ہوئے ایلون مسک پر طنز کیا ہے۔مارک زکربرگ کی جانب سے یہ ٹوئٹ اس وقت کی گئی جب میٹا کمپنی کی جانب سے ٹوئٹر کی متبادل ایپ تھریڈز کو متعارف کرایا گیا۔انسٹاگرام کی جانب سے تھریڈز کو متعارف کرایا گیا جسے ایلون مسک کی زیرملکیت سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے لیے سب سے بڑا خطرہ تصور کیا جا رہا ہے۔
تھریڈز کو متعارف کرائے جانے کے چند گھنٹوں بعد مارک زکربرگ نے ٹوئٹر پر ایک تصویر پوسٹ کی جس میں 2 اسپائیڈر مین ایک دوسرے کی جانب انگلی سے اشارہ کر رہے ہیں۔
— Mark Zuckerberg (@finkd) July 6, 2023
یہ 2012 کے بعد مارک زکربرگ کی پہلی ٹوئٹ ہے اور اس پر کوئی کیپشن نہیں تھا، جسے اب تک لگ بھگ ایک کروڑ بار دیکھا جاچکا ہے۔
خیال رہے کہ مارک زکربرگ نے تھریڈز کو متعارف کرانے کے بعد انسٹاگرام پر بتایا تھا کہ صرف ایک گھنٹے کے دوران 50 لاکھ افراد نے اس نئی سروس میں اکاؤنٹ بنائے۔
بعد ازاں کمپنی نے بتایا کہ تھریڈز صارفین کی تعداد ایک کروڑ سے زائد ہوگئی ہے۔
اس ایپ کو گوگل پلے اسٹور پر اس لنک جبکہ ایپل کے ایپ اسٹور پر اس لنک پر ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے ٹوئٹر کی جانب سے اچانک متعدد تبدیلیاں کی گئی تھیں جن سے سروس کے استعمال پر منفی اثرات مرتب ہوئے۔
ٹوئٹر کے مقابلے میں میٹا نے نئی ایپ ’تھریڈز‘ لانچ کردی، ایک گھنٹے میں کتنے اکاؤنٹس بن گئے؟
پہلے تو کمپنی کی جانب سے ٹوئٹر پر مواد دیکھنے کے لیے لازمی لاگ ان کی شرط عائد کی گئی۔
اس کے بعد ٹوئٹر صارفین کے لیے مواد دیکھنے کی حد مقرر کی گئی۔
4 جولائی کو ٹوئٹر کی جانب سے ٹوئٹ ڈیک کا استعمال ماہانہ فیس یعنی ٹوئٹر بلیو کی سبسکرپشن سے مشروط کر دیا گیا۔