کولکتہ (شوبز ڈیسک): بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار متھن چکرورتی کی اپنی نئی فلم کی شوٹنگ سے گھر واپسی پر طبعیت بگڑ گئی جس کے بعد اُنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق متھن چکرورتی اپنی نئی فلم کی شوٹنگ سے فارغ ہوکر گھر واپس جارہے تھے کہ راستے میں انہیں بےچینی اور سینے میں تکلیف محسوس ہوئی جس کے بعد اداکار کو ایمرجنسی میں کولکتہ کے اسپتال لے جایا گیا۔
اسپتال کے ڈاکٹر نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ متھن چکرورتی کا ایم آر آئی کرایا گیا ہے اور دیگر ٹیسٹ بھی کیے جا رہے ہیں۔
ڈاکٹر نے مزید کہا کہ انہیں اداکار کے ایم آر آئی کی رپورٹس کا انتظار ہے، اس کے بعد ہی وہ متھن چکرورتی کی صحت سے متعلق تفصیلات فراہم کرسکیں گے۔
دوسری جانب متھن چکرورتی کے بڑے بیٹے نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہ اُن کے والد بالکل ٹھیک ہیں اور وہ اپنے معمول کے طبی معائنے کے لیے اسپتال گئے ہیں۔
واضح رہے کہ جنوری 2024 میں لیجنڈ اداکار متھن چکرورتی کو آرٹ کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دینے کے اعتراف میں “پدم بھوشن” ایوارڈ سے نوازا گیا تھا جوکہ بھارت کا تیسرا بڑا سول ایوارڈ ہے۔