ممبئی (شوبز ڈیسک): بھارت کی سپر ہٹ فلم باڈی گارڈ کی ہدایتکاری کرنے والے مالایالم ڈائریکٹر صدیق اسمٰعیل دل کا دورہ پڑنے کے سبب 63 عمر میں انتقال کرگئے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق صدیق اسمٰعیل کو 7 اگست کو دل کا دورہ پڑا تھا جس کے بعد وہ جانبر نہ ہوسکے اور 8 اگست بروز منگل کو چل بسے۔
مرحوم کو تقریباً ایک ماہ قبل ‘جگر کی دائمی بیماری’ کی وجہ سے اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جن کا علاج تاحال جاری تھا اور وہ پہلے سے بہتر تھے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق صدیق کو سانس کی خرابی کی وجہ سے وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا اور طبی انتظامات سے ان کی حالت میں بہتری آئی تھی، کچھ روز قبل انہیں وینٹی لیٹر سے اتار دیا گیا تھا اور وہ آکسیجن پر تھے، علاج کے دوران انہیں دل کا شدید دورہ پڑا اور ایمرجنسی انجیو پلاسٹی کی گئی۔
وہ اسپتال میں ہی زیرِ علاج تھے کہ انہیں منگل کی رات 9 بج کر 10 منٹ پر مردہ قرار دے دیا گیا۔
صدیق اسمٰعیل کی آخری رسومات بدھ یعنی آج ادا کی جائیں گی۔
2011 میں ریلیز ہوئی فلم باڈی گارڈ میں ‘مایا’ کا کردار کرنے والی اداکارہ ہیزل کیچ نے صدیق اسمٰعیل کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے انسٹاگرام پوسٹ پر لکھا کہ ‘باڈی گارڈ کے ڈائریکٹر صدیق سر کے انتقال کی خبر سن کر دکھ ہوا، ان کے ویژن اور جذبے نے باڈی گارڈ فلم کو جان بخشی اور میں ہمیشہ سر کی شکر گزار رہوں گی کہ انہوں نے مجھ جیسی انڈسٹری میں نئی آنے والی اداکارہ کو موقع دیا’۔
ہیزل نے کہا کہ ‘جس طرح انہوں نے میرے فلم میں کردار سے متعلق پوچھے گئے تمام سوالات کے جواب دیے اور مجھے سمجھایا، میں ان کی شکر گزار رہوں گی’۔