(ویب ڈیسک): امریکی ریاست میسوری کے شہر کینساس میں سپر باؤل فتح پریڈ کے اختتام پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور 21 زخمی ہو گئے۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق اعلیٰ حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں 21 زخمی ہونے والے افراد میں زیادہ تر کی حالت خطرے میں ہے جبکہ زخمیوں میں شامل 9 بچوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
کینساس میں فتح کی پریڈ میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک، 21 زخمی
میڈیا رپورٹس کے مطابق فائرنگ کینساس سٹی کے مرکز میں واقع ٹرین اسٹیشن کے قریب کی گئی جہاں ہزاروں شائقین سپر باؤل فتح کے جشن میں نکالی گئی پریڈ دیکھنے کے لیے جمع تھے، فائرنگ کے وقت کینساس سٹی چیفس کے کھلاڑی بھی اسٹیج پر موجود تھے، فائرنگ شروع ہوتے ہی پریڈ دیکھنے والا ہجوم، میئر اور ان کے خاندان سمیت دیگر افراد کو جان بچانے کیلئے وہاں سے بھاگنا پڑا۔
پولیس نے 3 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا ہے اور واقعے سے متعلق کنساس سٹی کے پولیس چیف اسٹیسی گریوز نے بتایا کہ فائرنگ کے فوری بعد پولیس حکام نے جوابی کارروائی کی اور جائے وقوعہ پر موجود مشتبہ افراد سے تحقیقات شروع کر دیں۔
حکام نے بتایا کہ فائرنگ کے وقت پریڈ کی نگرانی کیلئے 800 سے زیادہ پولیس اہلکار اور فائر ڈپارٹمنٹ جائے وقوعہ پر موجود تھا۔