کراچی (ویب ڈیسک): کراچی پریس کلب کے سامنے سندھ ترقی پسند پارٹی کی جانب سے ڈیجیٹل مردم شماری کے خلاف لگایا گیا احتجاجی کیمپ دوسرے روز بھی جاری رہا۔ کیمپ کی قیادت ایس ٹی پی کے وائیس چیئرمین انجینئر گلزار سومرو، مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر سومار منگریو، مرکزی خزانچی قادر چنا، حیات تنیو، شاھنواز سيال اور دیگر نے کی، آج کیمپ میں سندھ ترقی پسند پارٹی کے کارکنوں سمیت مختلف مکاتب فکر کے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
احتجاجی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے سندھ ترقی پسند پارٹی کے وائیس چیئرمین گلزار سومرو نے کہا کہ ہمیں اس ڈیجیٹل مردم شماری پر شدید تحفظات ہیں۔ اس مردم شماری کے ذریعے سندھیوں کے حقوق اور وطن چھیننے کی سازش کی گئی ہے۔ لہٰذا ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ اس سازشی مردم شماری کو فی الفور ملتوی کیا جائے اور سندھ کے تحفظات کو مدنظر رکھتے ہوئے مردم شماری کو درست سمت میں لے جانے کا منصوبہ بنایا جائے۔
سندھ ترقی پسند پارٹی کے رہنماؤں کا مزید کہنا تھا کہ پریس کلب کے سامنے ہمارا احتجاج 20 مارچ تک جاری رہے گا۔ جبکہ سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی اس سازشی آبادی کے خلاف پورے سندھ کا دورہ کریں گے اور عوام کو سندھ دشمن سازشوں سے آگاہ کریں گے۔