لاہور (ویب ڈیسک): پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آج لاہور لبرٹی چوک سے ناصر باغ تک پیدل ریلی کی قیادت کروں گا۔پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ یہ لوگ الیکشن سے ڈرے ہوئے ہیں، بھاگ رہے ہیں، پوری قوم سپریم کورٹ اور آئین کے ساتھ کھڑی ہے، ملک پر قبضہ کر کے بیٹھے لوگ آئین تباہ کرنا چاہتے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ راولپنڈ ی سےشروع ہونے والی ریلی کو شاہ محمود، اسد عمر لیڈ کریں گے، خیبرپختونخوا سے پرویزخٹک سمیت عہدیداران ریلی کی قیادت کریں گے پوری قوم کو تینوں ریلیوں میں شرکت کی دعوت دے رہا ہوں۔
واضح رہے کہ ریلی پر حکومتی تحفظات دور کیے جانے کے بعد پی ٹی آئی کو لاہور میں ریلی کی اجازت مل گئی۔
تاہم دوسری جانب ترجمان اسلام آباد پولیس نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں دفعہ ایک 144 نافذ ہے، جلسے جلوس کی اجازت نہیں، اگر کسی نے خلاف ورزی کی تو قانونی کارروائی ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے وفاقی پولیس نے ایک ہزار ایف سی اہلکار طلب کرلیے ہیں، پولیس کو آنسوگیس کے شیل فراہم کرنے، بارہ قیدی وینز، تین ایمبولینس بھی الرٹ رکھنےکی ہدایت کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ اس کے علاوہ پشاور میں بھی تین دن کیلئے دفعہ ایک سو چوالیس نافذ ہے۔