ماسکو (ویب ڈیسک): روسی صدر پیوٹن نے یوکرین کو ایٹمی ہتھیاروں سے مسلح کرنے کی کوشش پر دھمکی دے دی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق روسی صدر نے کہا کہ جس ملک کے ساتھ ہم جنگ میں ہیں اگر وہ جوہری طاقت بن جاتا ہے تو ہم اس صورت میں اپنے تمام تر فوجی وسائل استعمال کریں گے۔انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ تباہی کے تمام ذرائع روس کے لیے دستیاب ہیں اور ہم ان کی ہر حرکت پر نظر رکھیں گے۔
پیوٹن کا کہنا تھا کہ اگر سرکاری طور پر کوئی کسی چیز کو منتقل کرتا ہے تو اس کا مطلب ان تمام عدم پھیلاؤ کے وعدوں کی خلاف ورزی ہو گی جو انہوں نے کیے ہیں۔
روسی صدر نے مزید کہا کہ یوکرین کے لیے جوہری ہتھیار بنانا عملی طور پر ناممکن ہے لیکن یہ ممکن ہے کہ وہ کسی قسم کا ’ڈرٹی بم‘ بنا سکے جو ایک روایتی بم ہے جو تابکار مواد سے لیس ہے، اگر ایسا ہوا تو روس مناسب جواب دے گا۔
واضح رہے کہ نیویارک ٹائمز نے گزشتہ ہفتے رپورٹ کیا تھا کہ کچھ نامعلوم مغربی حکام نے مشورہ دیا تھا کہ امریکی صدر جو بائیڈن عہدہ چھوڑنے سے پہلے یوکرین کو جوہری ہتھیار دے سکتے ہیں۔