کراچی (نجات نیوز): سچل تھانے کی حدود بلاول شاہ نورانی میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر قتل ہونے والے نوجوان کے لواحقین اور علاقہ مکینوں نے احتجاج کیا اور ٹائر جلائے۔
تفصیل کے مطابق ڈکیتی کی کوشش کے دوران گولی لگنے سے جاں بحق ہونے والے عبدالرزاق محسود کے لواحقین اور علاقے کے سینکڑوں مکینوں نے ایوب گاؤں کے سامنے احتجاج کیا اور ٹائروں کو آگ لگا دی۔
مظاہرین سے حمد اللہ بھٹو،سجاد لاڈ اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بدامنی اپنے عروج پر ہے،چور اور کرپٹ حکمران امن قائم نہیں کرنا چاہتے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جب ادارے امن قائم کرنے کے لیے مداخلت نہیں کریں گے تو ان نوجوانوں کی لاشیں ملتی رہیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ بھر خصوصاً کراچی میں امن و امان کے قیام کے لیے ادارے اپنا مضبوط کردار ادا کریں۔
احتجاج کے بعد جاں بحق نوجوان دکاندارعبدالرزاق کی نماز جنازہ مین روڈ پر ہی ادا کر دی گئی۔جس میں اہل علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
پولیس کے مطابق نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔