اسلام آباد (ویب ڈیسک): سپریم کورٹ کے جسٹس مظاہرنقوی کے خلاف میاں داؤد ایڈووکیٹ کی کمپلینٹ کی نقول جوڈیشل کونسل کے باقی 4 ممبران کو بھی ارسال کردی گئیں۔میاں داؤد ایڈووکیٹ نے ریفرنس کی نقول بذریعہ درخواست ارسال کی ہیں۔
میاں داؤد کا کہنا ہے کہ عدالتی روایات اور رولز ہیں کہ سیکرٹری کونسل کمپلینٹ کی نقول متعلقہ ممبران کو بھیجے، معلوم ہوا تھا کہ سیکرٹری سپریم جوڈیشل کونسل نے ابھی تک کمپلینٹ کی نقول تمام ممبران کو نہیں دیں۔
میاں داؤد ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں سپریم جوڈیشل کونسل 5 ممبران پرمشتمل ہے، باقی ممبران میں سپریم کورٹ کے جسٹس فائز عیسٰی اور جسٹس سردار طارق مسعود سمیت چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ احمد علی شیخ اور چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ قیصر رشید بھی ممبر ہیں۔
خیال رہے کہ جوڈیشل کونسل میں سپریم کورٹ کے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کے خلاف جائیدادوں سے متعلق ریفرنس دائر کیا گیا ہے۔
سیکرٹری سپریم جوڈیشل کونسل کو ریفرنس میاں داؤد ایڈووکیٹ کی جانب سے بھجوایا گیا ہے۔
ریفرنس میں سپریم کورٹ کے جج اور ان کے اہلخانہ کی جائیدادوں کی تحقیقات کرنےکی استدعا کی گئی ہے۔