ممبئی (شوبز ڈیسک): آنجہانی لیجنڈری بالی وڈ ہدایتکار اور پروڈیوسر یش چوپڑا کی اہلیہ پامیلا چوپڑا 74 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یش چوپڑا کی بیوی پامیلا کا انتقال جمعرات کو ممبئی میں ہوا جس کی اطلاع اہل خانہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر دی گئی۔یش راج فلمز کی جانب سے سوشل میڈیا پر بیان جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ ‘دکھی دل سے ہم آپ کو بتانا چاہتے ہیں کہ پامیلا چوپڑا آج صبح 74 برس کی عمر میں اس دنیا سے رخصت ہوگئیں’۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ہم آپ کی دعاؤں کے شکر گزار ہیں، تاہم ہم آپ سے گزارش کرنا چاہیں گے کہ اس غم کے وقت میں آپ ہماری پرائیویسی کا خیال رکھیں۔
یش راج فلمز کے بانی یش چوپڑا اورپامیلا کی شادی 1970 میں ہوئی تھی، ان کے دو بیٹے اداکار اودے اور معروف ہدایتکار اور پروڈیوسر آدتیا چوپڑا ہیں۔
پامیلا چوپڑا نے یش راج فلمز کی کئی فلموں میں بحیثیت گلوکارہ، رائٹر، ڈیزائنر اور پروڈیوسر کی ذمہ داریاں سر انجام دیں۔
پامیلاچوپڑا کے انتقال پر بالی وڈ شخصیات آنجہانی یش چوپڑا کی رہائش گاہ پہنچیں اور ان کے بیٹوں سے اظہار افسوس کیا۔
واضح رہے کہ بھارتی فلموں کے لیجنڈری ہدایتکار یش چوپڑا 2012 کو ڈینگی کے باعث 80 سال کی عمر میں انتقال کرگئے تھے۔