کراچی (ہیلتھ ڈیسک): سندھ انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹ (ایس آئی یو ٹی) نے کراچی کی مرکزی شاہراہ پر واقع ہوٹل کو اسپتال میں بدلنے کے لیے ساڑھے 14 ارب روپے کی پیشکش کر دی۔ایس آئی یو ٹی حکام کے مطابق شارع فیصل پر واقع ہوٹل ریجنٹ پلازہ جو کہ پاکستان ہوٹل ڈیولپرز لمیٹڈ (پی ایچ ڈی ایل) کی ملکیت ہے اسے خریدنے کے لیے ساڑھے 14 ارب روپے کی پیشکش کی گئی ہے تاکہ اس جگہ کو اسپتال میں تبدیل کیا جا سکے۔
ایس آئی یو ٹی ٹرسٹی ممبر سید شبر زیدی نے دی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ انہوں نے 47 ہزار اسکوائر فٹ پر تعمیر ہوٹل کو خریدنے کے لیے ساڑھے 14 ارب روپے کی پیشکش کی ہے جسے ایک سال کے عرصے میں اسپتال میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔
شبر زیدی کا کہنا تھا کراچی کو ایک بڑے اسپتال کی اشد ضرورت ہے اور ایک بڑے اسپتال کے لیے جگہ لیکر اس کی تعمیر پر کئی سال کا عرصہ درکار ہوتے ہے اس لیے یہ بہترین آپشن ہے کہ شہر کے مرکز میں ایک تعمیر شدہ اسٹرکچر کو خرید کر اسے اسپتال میں تبدیل کر دیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ جگہ اس لیے بھی بہترین ہے کیونکہ یہ این آئی سی وی ڈی، این آئی سی ایچ اور جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر کے بھی قریب ہے۔
شبر زیدی کا کہنا تھا پی ایچ ڈی ایل نے ابھی تک ہماری پیشکش قبول نہیں کی لیکن امید ہے کہ پاکستانی عوام اور دوسرے ممالک سے علاج معالجے کے لیے آنے والے مریضوں کے مفاد میں ہماری پیشکش قبول کر لی جائے گی۔