حیدرآباد (نجات نیوز): سندھ ترقی پسند پارٹی نے سندھ میں آٹے کی قلت اور مہنگے داموں فروخت کے خلاف پورے سندھ میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا ہے۔ایس ٹی پی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سندھ بھر میں آٹے کی کمی کے خلاف 13، 14 اور 15 جنوری کو سندھ بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔
تفصیل کے مطابق سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مسگی نےسندھ میںآٹے کی مہنگے داموں فروخت پر شدید غم و غصے کااظہا کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں آٹے کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔ لوگ ایک وقت کا کھانا کھانے کے لیے پریشان ہیں۔بے حس حکمرانوں نے عوام کو کنگال کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ زراعت میں خود کفیل سندھ کے باسی ایک کلو آٹے کے لیے پریشان ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت سستے آٹے کے اسٹال لگانے اور صرف فوٹو سیشن کے نوٹیفکیشن جاری کرنے تک محدود ہے۔ کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جا رہا۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ منافع خوروں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور آٹے کی قیمت 40 روپے فی کلو مقرر کی جائے۔
انہوں نے مہنگائی کے خلاف تحریک کا لائحہ عمل بتاتے ہوئے کہا کہ آٹے کی قلت کا بحران ختم کرکے آٹے کی قیمت کو کنٹرول نہ کیا گیا تو دوسرے مرحلے میں بھرپور احتجاج کیا جائے گا.