فیصل آباد (ویبڈیسک): فیصل آباد میں پتنگ ساز فیکٹریوں اور پتنگ فروشوں کے خلاف پولیس کاکریک ڈاؤن جاری ہے۔فیصل آباد میں پتنگ کی ڈور پھرنے سے نوجوان کی ہلاکت کے بعد پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے چند گھنٹوں ہی میں دھاتی ڈوربنانیوالی 2فیکٹریاں پکڑلیں جہاں سے 5 ہزار سے زائد چرخیاں برآمد کی گئی ہیں۔سی پی او فیصل آباد محمد علی ضیاء نے بتایا کہ پولیس نے فیصل آباد کے علاقے منصورآباد میں 3کارخانوں سے30 ہزارپتنگیں اور ایک لاکھ پتنگوں کاخام مال برآمد کرلیا ہے۔
سی پی او کے مطابق پولیس نے 48 گھنٹوں میں 153 مقدمات درج کرکے دکانداروں سمیت 158 افراد کو گرفتار کیا جب کہ پتنگ کی ڈور پھرنے سے نوجوان کی موت کے واقعہ پر دو ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، ایس ایس پی انویسٹی گیشن کی سربراہی میں ٹیمیں ملزم کو ٹریس کرکےگرفتارکریں گی۔
دوسری طرف آر پی او فیصل آباد نے بتایا کہ پولیس نے 3 دنوں میں پتنگ بازی کے خلاف 406 مقدمات درج کرکے 406 افراد کو گرفتار کیا، پولیس نے کارروائیوں میں 32 ہزار 113 پتنگیں اور 1630 دھاتی ڈوریں برآمدکرلی ہیں۔
خیال رہے کہ فیصل آباد میں 2 روز قبل گلے پر پتنگ کی ڈور پھرنے سے موٹرسائیکل سوار 22 سالہ نوجوان آصف جاں بحق ہوگیا تھا۔