اسلام آباد (ویبڈیسک): ادارہ شماریات نے مردم شماری کے سرکاری طور پر اعداد و شمار جاری کردیے۔ادارہ شماریات کے مطابق 2023 کی مردم شماری کے تحت پاکستان کی آبادی 24 کروڑ 14 لاکھ ہوگئی۔ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ پنجاب کی آبادی 12 کروڑ 76 لاکھ افراد پر مشتمل ہے، سندھ کی آبادی 5 کروڑ 56 لاکھ 90 ہزار ہے جبکہ خیبرپختونخوا کی آبادی 4 کروڑ سے زائد افراد پر مشتمل ہے۔
ادارہ شماریات کے مطابق بلوچستان کی آبادی ایک کروڑ 48 لاکھ 90 ہزار سے زائد اور اسلام آباد کی آبادی 23 لاکھ 60 ہزار سے زائد ہے۔
ادارہ شماریات نے بتایاکہ پاکستان کی دیہی آبادی 61.18 فیصد، شہری آبادی 38.82 فیصد ہے جبکہ خیبر پختونخوا کی 84.99 فیصد آبادی دیہی، 15.01 فیصد شہری ریکارڈ کی گئی۔
ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ پنجاب کی 59.30 فیصد آبادی دیہی، 40.70 فیصد شہری، سندھ کی 46.27 فیصدآبادی دیہی اور 53.7 فیصد شہری ہے جبکہ بلوچستان کی 69.04 فیصدآبادی دیہی اور 30.96 فیصد شہری آبادی ریکارڈ کی گئی۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی 53.10 فیصد آبادی دیہی اور 46.90 فیصد آبادی شہری ہے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) کے اجلاس میں نئی مردم شماری کی متفقہ طور پر منظوری دے دی گئی ہے۔