حیدرآباد (ویبڈیسسک): سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا ہے کہ فلسطین کا مسئلہ صرف اور صرف فلسطین کے عوام اور ان کی سیاسی قیادت کی مرضی کے مطابق حل ہونا چاہیے۔ فلسطینی عوام نے اپنی سرزمین اور وطن کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ ہزاروں معصوم بچے بھوک اور پیاس کے باعث تڑپ تڑپ کر جان دے بیٹھے ہیں، جبکہ خیراتی روٹی کی قطاروں میں کھڑے بے گناہ لوگوں پر بھی بمباری کی جارہی ہے۔ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا کہ اسرائیلی فوج کے وحشیانہ حملوں کے نتیجے میں آج تک 65 ہزار سے زیادہ فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، لاکھوں لوگ زخمی اور معذور ہوچکے ہیں جبکہ اربوں روپے کی جائیدادیں ملبے کا ڈھیر بن گئی ہیں۔ ایسی صورتحال میں فلسطینی عوام کو اپنی سرزمین پر خوف سے آزاد زندگی گزارنے کا بنیادی حق ملنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کے وہ ممالک جو فلسطین میں امن قائم کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں، ان کی کوششوں کی حمایت کی جانی چاہیے اور سندھ ترقی پسند پارٹی بھی ان کوششوں کی مکمل حمایت کرتی ہے۔ فلسطین کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق صرف اور صرف فلسطینی عوام اور ان کی سیاسی قیادت کے پاس ہے۔
ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا کہ فلسطین لبریشن آرگنائزیشن (PLO) نے گزشتہ 50 سال کی جدوجہد کے بعد جو اتھارٹی قائم کی، اس نے بھی مجموعی طور پر دو ریاستی حل پر اتفاق کیا تھا۔ اس لیے جو لوگ یہاں بیٹھ کر محض لفاظی کرتے ہیں، انہیں سمجھنا چاہیے کہ وہ فلسطینی عوام کے لیے نہ تو کوئی عملی مدد کرسکتے ہیں اور نہ ہی ان کی حمایت میں لاکھوں افراد کو یکجا کرسکتے ہیں۔ فلسطینی عوام کو اس وقت کہانیاں نہیں بلکہ امن اور غزہ کی پٹی میں جاری مظالم کے خاتمے کی ضرورت ہے۔
ڈاکٹر قادر مگسی نے واضح کیا کہ فلسطین کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا نہ تو ٹرمپ کو کوئی حق ہے اور نہ ہی اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو۔ یہ پہلی بار ہے کہ اقوام متحدہ میں اکثریتی ممالک فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، جو فلسطینی جدوجہد کے لیے ایک اہم سفارتی کامیابی ہے۔
ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا کہ سندھ ترقی پسند پارٹی فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل ہمدردی اور حمایت کا اعلان کرتی ہے اور عالمی برادری سے مطالبہ کرتی ہے کہ فلسطین میں انسانی المیے کے خاتمے کے لیے فوری طور پر جنگ بند کرائی جائے اور فلسطینی عوام کو اپنی مرضی کے مطابق عزت اور آزادی کے ساتھ جینے کا حق دیا جائے