ماسکو (ویب ڈیسک): روس نے الزام عائد کیا ہےکہ یوکرین نے اس کے بجلی گھر پر ڈرون حملہ کیا جس سے ایک اسپتال سمیت رہائشی علاقوں کی بجلی منقطع ہوگئی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق مقامی گورنر نے بتایا کہ یوکرین نے جمعہ کو سرحد کے قریب ایک روسی گاؤں کے سب اسٹیشن پر 2 حملے کیے جس سے ایک اسپتال کو بجلی کی فراہمی منقطع ہوگئی۔
گورنر نے بتایا کہ ڈرون حملے کے نتیجے میں ایک بجلی کے ٹرانسفارمر نے آگ پکڑ لی جس سے قریب ہی موجود دیگر رہائشی علاقے بجلی سے محروم ہوگئے۔
گورنر کا کہنا تھا کہ ڈرون حملے کے نتیجے میں ٹرانسفارمر میں آگ لگنے پرفائر بریگیڈ کو طلب کیا گیا جس نے آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لیا اور جلد ہی اسپتال سمیت دیگر علاقوں میں بجلی کی فراہمی شروع کردی جائے گی۔
دوسری جانب روس کا کہنا ہےکہ اس نے بیلگوروڈ کے علاقے میں دو یوکرینی ڈرون کو مار گرایا۔