اسلام آباد (ویب ڈیسک): وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ ڈی چوک سے آگے کا علاقہ جو عمران خان نے جانے کا نہیں کہا ہم نے اس کی حفاظت کرنی ہے، عمران خان نے ہمیشہ پُرامن رہنے کا درس دیا ہے، ڈی چوک کا مطلب ڈی چوک ہے، ڈی چوک سے آگے ہم نے نہیں جانا جب تک عمران خان کے احکامات نہیں آتے۔ احتجاجی قافلے میں شریک کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں پرامن طریقے سے دھرنا کرنے دیں، شرم کرو یہ ہمارا ملک ہے اس ملک کو آزاد کرنے کے لے ہمارے آباء و اجداد نے قربانی دی ہے، کسی کا باپ بھی ہم پر ظلم کا نظام مُسلط نہیں کر سکتا، ہمارے پُرامن احتجاج میں ایسے غلط لوگ شامل کروائے گئے جو پُرامن ماحَول کو خرابِ کرنے کی کوشش کریں گے، یہ عمران خان کا ٹائیگر ہے یہ پاکستان تحریک انصاف کا کارکن ہے ان کی سوچ پُرامن ہے۔
قبل ازیں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا کہنا تھا کہ چند سازشی عناصر ڈی چوک کے بجائے دوسرے مقام پر ہمیں روکنا چاہتے ہیں، عمران خان نے مجھے ہر صورت ڈی چوک جانے کا کہا تھا، ڈی چوک سے کم کسی بھی مذاکراتی فیصلے پر کارکنان راضی نہیں ہیں، ہم درخواست کر رہے ہیں لوگ پر امن رہیں، یہ آپ کے بہن بھائی ہیں جو آ رہے ہیں، کارکنان ڈی چوک پہنچیں گے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء حماد اظہر نے کہا ہے کہ پنجاب بھر سے اکثر کارکنان اور ٹکٹ ہولڈر آج اپنے شہروں سے نکلنے میں کامیاب ہو چکے ہیں اور اسلام آباد کے راستے میں ہیں، جو اب تک نہیں نکلے وہ اکیلی اکیلی گاڑی کو ناکوں سے گزاریں یا متبادل کچے راستے اپنائیں، سفر کے دوران سوشل میڈیا سے پرہیز کریں اور اسلام آباد پہنچ کر ہی اعلان کریں۔