کراچی (ویب ڈیسک): کورنگی الیاس گوٹھ میں آتشزدگی کے دوران درجنوں بھینسوں کے باڑے جل گئے، مویشوں کا لاکھوں روپے مالیت کا چارہ اور دیگر سامان خاکستر ہوگیا، آگ پر 3 گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد فائربریگیڈ کی 7 گاڑیوں کی مدد سے قابو پایا گیا۔رپورٹ کے مطابق کورنگی الیاس گوٹھ میں واقع بھینسوں کے باڑوں میں اتوار کی صبح خوفناک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیارکرلی اورآگ نے تیزی سے کئی باڑوں کواپنی لپیٹ میں لے لیا، باڑوں کے ملازمین نے اپنی مدد آپ کے تحت مویشیوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا اور آگ پر قابو پانے کی کوشش شروع کردی۔
آگ کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی 2 گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اورآگ پر قابو پانے کی کوشش شروع کردی تاہم آگ کی شدت اور تیز ہوا کے باعث تیزی سے پھیلنے کی وجہ سے فائر بریگیڈ کے عملے نے مزید گاڑیوں کو موقع پر طلب کر لیا، تیز ہوا، دھویں اور واٹر بورڈ کی جانب سے بروقت واٹر ٹینکر کی فراہمی نہ ہونے کی وجہ سے فائر بریگیڈ کے عملے کو آگ پر قابو پانے میں مشکلات کا سامنا کرںا پڑا، فائربریگیڈ کے عملے نے تقریباً 3 گھنٹوں کی سخت کوششوں کے بعد آگ پر قابو پالیا، آتشزدگی کے باعث درجنوں باڑے مکمل جل گئے اور ان میں موجود بھاری مالیت کا مویشیوں کا چارا ودیگرسامان جل گیا۔
ایک ڈیری فارمرنے بتایا کہ الیاس گوٹھ میں 99 ایکٹراراضی میں 60 سے 70 باڑے واقع ہیں جو سب جل گئے ہیں، آگ پونے بارہ بجے کے قریب لگی تھی اور فائر بریگیڈ کا عملہ تقریباً ایک گھنٹے کی تاخیر سے پہنچا، انہوں نے بتایا کہ باڑوں میں آتشزدگی کے باعث ڈیری فامرز کا بڑا نقصان ہوا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایک ڈیری فامر کے پاس کم از کم پانچ لاکھ روپے کا مویشیوں کا چارہ جس میں بھوسہ، ونڈا ، دلیہ اور چوکر موجود ہوتا ہے جو سب جل گیا ہے، آگ باڑے کے سامنے کی جانب لگی تاہم تیز ہواکے باعث آگ پھیلتی چلی گئی لیکن خوس قسمتی سے ڈیری فارمرز کے مویشی محفوظ رے ہیں۔
ڈپٹی کمانڈر ریسکیو 1122 کراچی حماد علی قریشی نے بتایا کہ باڑوں میں آگ لگنے کی اطلاع ملنے کے بعد 20 منٹ میں ان کی ٹیم موقع پر موجود تھی اور انہوں نے آگ بجھانے کی کوشش کی، ریسکیو 1122 کی چھ گاڑیوں نے آپریشن میں حصہ لیا، آتشزدگی کے دوران کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور تمام مویشی بھی محفوظ رہے ہیں، فوری طور پر آگ لگنے کی وجوہات سامنے نہیں آسکیں۔