اسلام آباد (ویب ڈیسک): قومی اسمبلی میں چیف جسٹس کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کے لیے کمیٹی کے قیام کی تحریک منظور ہو گئی۔تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس میں چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطا بندیال کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کے لیے کمیٹی کے قیام کی تحریک منظور کر لی گئی۔تحریک رکن قومی اسمبلی شازیہ ثوبیہ نے پیش کی، تحریک میں کہا گیا تھا کہ اسپیکر کو اختیارات حاصل ہیں کہ وہ کمیٹی ممبران کو تبدیل کر سکتے ہیں، اسپیکر نے کہا تحریک کے حق میں زیادہ ممبران نے ہاں میں ووٹ دے دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ریفرنس کو حتمی شکل دینے کے لیے خصوصی پارلیمانی کمیٹی میں مختلف جماعتوں کے ارکان شامل ہوں گے، مختلف جماعتوں کے ارکان کمیٹی کے اختیارات سے متعلق مسودہ تیار کر رہے ہیں۔
خصوصی کمیٹی کی تشکیل کی تجویز اب سے کچھ دیر قبل وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں پیش کی تھی۔ قبل ازیں، قومی اسمبلی میں آج کے ایجنڈے کی معمول کی کارروائی معطل کرنے کی تحریک بھی منظور کی گئی تھی۔
اجلاس میں جناح ہاؤس، جی ایچ کیو اور دیگر سرکاری املاک پر حملوں کے خلاف بھی مذمتی قرارداد منظور کی گئی، قرارداد رکن پی ٹی آئی وجیہہ قمر کی جانب سے پیش کی گئی تھی۔