ممبئی (شوبز ڈیسک): بالی ووڈ کی خوبرو اداکارہ کریتی سینن جلد بطور پروڈیوسر انڈسٹری میں ڈیبیو کرنے والی ہیں۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ٹائیگر شروف کے ساتھ اپنی فلم ہیرو پنتی سے بالی ووڈ انڈسٹری میں قدم رکھنے والی اداکارہ کریتی سینن نے کئی کامیاب فلموں کے بعد اب بطور پروڈیوسر کام کرنے کا ارادہ کر لیا ہے۔کریتی سینن نے سوشل میڈیا پر اس حوالے سے تفصیلات شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ فلم ’دو پتی‘ کو پروڈیوس کر رہی ہیں جو نیٹ فلکس پر جلد ریلیز کی جائے گی جبکہ اس میں کاجول مرکزی کردار نبھائیں گی۔
صرف یہی نہیں بلکہ کریتی نے اپنا پروڈکشن ہاؤس شروع کرنے کا اعلان بھی کیا کر دیا ہے جس کا نام ’بلیو بٹرفلائی فلمز‘ رکھا گیا ہے۔
32 سالہ اداکارہ نے سوشل میڈیا پر اپنے پروڈکشن ہاؤس کے نام کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ انہیں انڈسٹری میں 9 برس مکمل ہو چکے ہیں جس میں انہوں نے بطور اداکار بہت کچھ سیکھا اور اب وہ مزید سیکھنا چاہتی ہیں جس کیلئے ایک نیا قدم اُٹھا رہی ہیں۔
کریتی سینن نے کہا وہ اپنی پروڈیوس کردہ فلم دو پتی میں کاجول کے ساتھ ایک مرتبہ پھر سالوں بعد اسکرین شیئر کرتے ہوئے بےحد خوش ہیں۔
یاد رہے کہ کریتی سینن اور کاجول آخری مرتبہ 2015 فلم دل والے میں ایک ساتھ نظر آئے تھے جس میں کریتی نے کاجول کی بہن کا کردار نبھایا تھا۔