فلوریڈا (ویب ڈیسک): امریکا میں ہیٹ ویو کا راج برقرار ہے جس کے باعث متاثرہ شہریوں کے علاج کے لیے اسپتالوں میں آئس بیگز کا استعمال کیا جارہا ہے۔برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا کے جنوبی علاقوں کو سورج کی تپش نے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے جس وجہ سے بڑھتے درجہ حرارت سے شہریوں کی حالت غیر ہورہی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیٹ ویو کی وجہ سے گرمی لگنے سے لوگوں کی بڑی تعداد اسپتال میں زیر علاج ہے جہاں ڈاکٹرز شہریوں کے علاج کے لیے آئس بیگز کا استعمال کررہے ہیں۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ زیادہ تر مریض سر درد، بلڈ پریشر میں کمی، چکر آنے سمیت بے ہوشی کی حالت میں اسپتال میں داخل ہورہے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گرمی سے متاثرہ علاقوں میں مسلسل 19 دنوں سے درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جارہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گرمی کی شدید لہر نےفلوریڈا اور کیلیفورنیا کو بھی اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔
دوسری جانب گرمی سے بچنے کے لیے الیکٹرانکس آئٹمز کی مانگ میں اضافہ ہورہا ہے اور عوام کی بڑی تعداد ائیر کنڈیشنر استعمال کررہی ہے جس سے بجلی کے استعمال میں بھی ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔
علاوہ ازیں اقوام متحدہ نے بھی وارننگ دی ہےکہ دنیا شدید گرمی کی لہروں میں اضافے کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہے۔