اسلام آباد(ویب ڈیسک ): وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہےکہ پاکستان کے معاشی اشاریے بہتری کی طرف گامزن ہیں اور یقین ہے پاکستانی معیشت بہت جلد بہتر ہو جائے گی۔ اسلام آباد میں بینک آف چائنہ اسلام آباد برانچ کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں اسحاق ڈار نے کہا کہ نواز شریف نے چینی قیادت سے مل کر سی پیک منصوبہ شروع کیا تھا، بینک آف چائنہ اور پاکستان کے درمیان جاری تعاون میں مزید اضافہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے معاشی اشاریے بہتری کی طرف گامزن ہیں اور یقین ہے پاکستانی معیشت بہت جلد بہتر ہو جائے گی۔
وزیر خزانہ کا سینیٹ میں بیان
اس سے قبل سینیٹ میں دیے گئے بیان میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ملک میں زرمبادلہ کے ذخائر 13 سے 14 ارب ڈالر تک پہنچ گئے ہیں، کوشش ہے ان میں 15 سے 16 ارب تک کا اضافہ کیا جائے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ ہم بہتر معیشت کے حوالے سے دنیا کی 24 ویں معیشت تھے مگر غلط فیصلوں کے باعث 47 ویں معیشت بن گئے ہم واپس 24 ویں بہتر معیشت کی طرف کا سفر شروع کرچکے۔