( ویب ڈیسک ): پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمدکا کہنا ہےکہ ون ڈے کی نمبر ون ٹیم بننے کے بعد پاکستان ٹیم کے حوصلے بلند ہیں اور پاکستان ٹیم بھارت سے بہتر نظر آرہی ہے۔
کراچی میں ایک تقریب کے بعد میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد نےکہا کہ ایشیا کپ کے بعد ورلڈکپ میں بھی ٹیم اچھا پرفارم کرے گی، پاک بھارت میچ ہائی وولٹیج میچ ہوتا ہے، سب کی نظریں اس میچ پر ہوتی ہیں۔
سرفراز احمد نےکہا کہ شائقین کہتے ہیں پاکستان بھارت کو شکست ضرور دے لیکن یقینی طور پر پاکستان ٹیم کی نظر بھارت کے خلاف میچ کے ساتھ ساتھ پورے ایشیاکپ پر ہوگی۔
انہوں نےکہا کہ ایک ایسے موقع پر پاکستان ٹیم نمبر ون ٹیم بنی جب ایشیا کپ اور ورلڈکپ قریب ہے جو کہ ایک اچھا سائن ہے، ایسے موقع پرکپتان اور کھلاڑیوں کا حوصلہ بلند ہوتا ہے۔
سرفراز احمد نے کہا کہ پی سی بی اور کھلاڑیوں کے درمیان سینٹرل کنٹریکٹ پر جو بھی معاملہ چل رہا ہے اس کو جلد حل ہونا چاہیے کیونکہ کھلاڑیوں کے ذہن میں یہ چل رہا ہوتا ہے کہ انہیں ابھی تک سینٹرل کنٹریکٹ نہیں ملا، امید ہے ورلڈکپ سے قبل یہ معامل حل ہوجائےگا۔