پالا ماس – یونان (ویب ڈیسک): یونان میں ہونے والی شدید بارشوں سے سیلابی صورتحال نے تباہی مچا دی جس کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک اور 4 افراد لاپتا ہوگئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں وسطی یونان میں ایک گھنٹے میں تقریباً 800 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جس وجہ سے وسطی یونان میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی اور گاؤں زیر آب آگئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بارشوں کی وجہ سے دریا بھپرگئے جو اپنے ساتھ گھر، سڑکوں اور پلوں کوبہا لے گئے جب کہ فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ سیلاب میں پھنسے لوگوں کو نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے اور لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
سب کچھ بہہ جانے کی وجہ سے پالاماس اور کارڈیسا کے دیہاتوں میں کھانے پینے کی بھی قلت ہوگئی ہے۔
یونان میں بارش اور سیلاب سے ہونے والی تباہی پر وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ یونان قدرتی آفت سے جنگ لڑ رہا ہے۔