پشاور (ویبڈیسک): پی ٹی آئی کی جانب سے 8 نومبر کو ہونے والا پشاور جلسہ منسوخ کردیا گیا اور اس کی جگہ اب ٹینٹ ولیج آباد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔پارٹی ذرائع کے مطابق پشاور میں پاکستان تحریک انصاف نے اپنا 8 نومبر کا جلسہ منسوخ کرکے ٹینٹ ولیج آباد کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔ پی ٹی آئی 10 نومبر کے بعد صوابی میں ٹینٹ ولیج آباد کرے گی۔
ٹینٹ ولیج آباد کرنے کے لیے صوابی ریسٹ ہاؤس میں ہزاروں ٹینٹ لگائےجائیں گے۔ ٹینٹ ویلج میں خیبرپختونخوا بھر سےلاکھوں پی ٹی آئی کارکن آئیں گے۔ علاوہ ازیں پارٹی قائدین، وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور، وزرا، ایم این ایز اور ایم پی ایز ٹینٹ ولیج میں قیام کریں گے۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹینٹ ولیج میں مقیم پارٹی کارکنوں کے اسلام آباد کی جانب مارچ کرنےکا بھی امکان ہے، تاہم اسلام آباد کی جانب مارچ کرنے کا حتمی فیصلہ مرکزی قیادت کرے گی۔
پی ٹی آئی رہنما ارباب عاصم کے مطابق پشاور جلسہ منسوخ کرکے ٹینٹ ولیج لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس میں ملک بھر سے کارکن شریک ہوں گے۔ علاوہ ازیں اجتماع سے وزیراعلیٰ، مرکزی و صوبائی قائدین خطاب کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ تبلیغی اجتماع کے باعث ٹینٹ ولیج کی حتمی تاریخ کا فیصلہ تاحال نہیں کیا جا سکا۔