نصیر آباد (نجات نیوز): سماجی کارکن ممتاز شیخ نے نصیر آباد انڈس میرج ہال میں گاجی کھاوڑ، باڈھ، خیرپور ناتھن شاہ اور دیگر شہروں سے تعلق رکھنے والے 36 غریب اور لاوارث جوڑوں کی اجتماعی شادیاں کرائیں، اس موقع پر انہوں نے جوڑوں کو ایک ایک لاکھ روپے کا جہیز بھی دیا اور ان کی دعوت کا انتظام بھی کیا۔
اس موقع پر سماجی کارکن ممتاز علی شیخ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ کام ہم اپنے مخیر حضرات کے تعاون سے کررہے ہیں اور ایسے غریب اور نادار لوگوں کی مشترکہ مدد کرنا اور ان کے اہل خانہ میں خوشی کا بندوبست کرنا صرف اور صرف اللہ کی رضا حاصل کرنے کے لیے کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ کار َ خیر ہم اس امید پر کرتے ہیںکہ اللہ اس نیکی کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے گا۔
اجتماعی شادی میں سماجی تنظیم کے رہنماؤں حاجی ممتاز علی شیخ، محمد رفیق شیخ، حافظ عبدالرؤف شیخ، مشتاق احمد، سرفراز احمد، منیر احمد شیخ، ڈاکٹر گلزار احمد شبرانی اور دیگر نے تمام دولہا حضرات کو سندھ کی ثقافتی ٹوپیاں اور اجرک کے تحائف پیش کئے۔