لیڈز (اسپورٹس ڈیسک): ایشز سیریز میں یارک شائر نے تیسرے ہیڈنگلے ٹیسٹ کے لیے سکیورٹی سخت کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق یارک شائر کی جانب سے تیسرے ہیڈنگلے ٹیسٹ کے لیے سکیورٹی سخت کرنےکا فیصلہ پیٹرولیم مصنوعات کے استعمال کے خلاف احتجاج کرنے والے ماحولیاتی کارکنوں کی وجہ سے کیا گیا ہے جس کیلئے یارک شائر نے اسپرنٹرز اسٹیورڈز (خصوصی سکیورٹی) کی خدمات حاصل کرلی ہیں۔
میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مظاہرین نے لارڈز ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کے مارننگ سیشن میں خلل ڈالا تھا، اس دوران انگلینڈکے وکٹ کیپر بیٹر جونی بیئرسٹو مظاہرہ کرنے والے ایک شخص کو اٹھا کر گراؤنڈ سے باہر لےگئے تھے۔
یارک شائر کاؤنٹی کرکٹ کو تماشائیوں کی جانب سے بھی آسٹریلیا کے خلاف ردعمل کا خدشہ ہے جبکہ جونی بیئرسٹو کے متنازع آؤٹ ہونے کے بعد تماشائیوں اور دونوں ٹیموں میں تعلقات کشیدہ ہیں۔
کلب انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں تماشائیوں اور آفیشلز کی حفاظت اور ان کا خیال رکھنا اولین ذمہ داری ہے اس حوالے سے تمام تر اقدامات کیے جا رہے ہیں اور انگلینڈ اور ویسٹ یارکشائر پولیس کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔
آسٹریلوی کرکٹرز نے اپنی دھوکا دہی کی روایت کو قائم رکھا اور انگلینڈ کے خلاف میچ میں بھی اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ کرنا ضروری نہیں سمجھا۔
آسٹریلیا نے انگلینڈ کو دوسرے ٹیسٹ میں 43 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کرلی۔
آسٹریلیا کی جیت میں جونی بیئرسٹو کا رن آؤٹ اہم رہا، جب جونی بیئرسٹو گیند مس ہونے کے بعد کریز سے باہر نکلے تو کینگرو وکٹ کیپر الیکس کیری نے گیند کو اسٹمپس پر مار کر اپیل کردی۔
چونکہ جونی بیئرسٹو کریز پر بیٹ رکھ کر آگے نہیں بڑھے تھے اسی لیے امپائر نے انہیں آؤٹ قرار دے دیا۔
اس وکٹ کے بعد انگلش کراؤڈ نے کینگروز کھلاڑیوں کو آڑے ہاتھوں لیا اور اسے اسپرٹ آف کرکٹ کے منافی قرار دیا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق کھانے کے وقفے کے دوران انگلش شائقین کی جانب سے آسٹریلین کھلاڑیوں کے خلاف نعرے بازی بھی کی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق میری لیبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) ممبران نے لانگ روم میں آسٹریلین کھلاڑیوں کے خلاف نعرے لگائے، عثمان خواجہ اور ڈیوڈ وارنر کا لانگ روم میں ایم سی سی ممبران سے سامنا ہوا، عثمان خواجہ کو آسٹریلوی کھلاڑی نے لانگ روم میں جملوں کا تبادلہ کرنے سے روکا۔
واضح رہےکہ انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان تیسرا ٹیسٹ جمعرات سے لیڈز میں شروع ہوگا، آسٹریلیا کو ایشیز میں دو صفر کی برتری حاصل ہے۔