کراچی (اسٹا ف رپورٹر): جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی اور بینظیر بھٹو شہید یونیورسٹی لیاری کے وائس چانسلر ڈاکٹر امجد سراج میمن کو حکومت پاکستان کی جانب سے طب میں جدت اورتعلیمی خدمات پر سول ایوارڈ ستارہ امتیاز سے نوازا گیا۔ بینظیر بھٹو شہید یونیورسٹی لیاری کے سابق سنڈیکیٹ ممبر اور آفیسرز ایسوسی ایشن کے رہنما وقار لغاری نے ڈاکٹر امجد سراج میمن کو ستارہ امتیاز ملنے پر مبارکباد دی اور انہیں خراج تحسین و سندھ کی روایت کے مطابق اجرک پیش کیا۔
تفصیلات کے مطابق جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی اور بینظیر بھٹو شہید یونیورسٹی لیاری کے وائس چانسلر ڈاکٹر امجد سراج میمن کو صدر مملکت نے 14 اگست 2023 کو ستارہ امتیاز کے قومی اعزاز سے نوازنے کی منظوری دی تھی۔ سائنس کے میدان میں پاکستان کے لیے ان کی اہم خدمات تھیں۔جس کے بعد 23 مارچ 2024 کو یوم پاکستان کے موقع پر گورنر ہاس کراچی میں تقسیم اعزازات کی قومی تقریب میں ان کو ستارہ سے مزین کیا گیا۔ جس کے بعد وہ اپنے نام کے ساتھ باقاعدگی سے ستارہ امتیاز یا S.I لکھ سکتے ہیں۔
اس حوالے سے جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی اور بے نظیر بھٹو شہید یونیورسٹی لیاری سمیت فیکلٹی، انتظامیہ اور دیگر احباب کی جانب سے مبارکباد کے پیغامات کا سلسلہ جاری ہے اور حکومت کے اس قدم کو سراہا جا رہا ہے۔
اس موقع پر بینظیر بھٹو شہید یونیورسٹی لیاری کے سابق سنڈیکیٹ ممبر اور آفیسرز ایسوسی ایشن کے رہنما وقار لغاری نے ڈاکٹر امجد سراج میمن کو مبارکباد دی اور انہیں گلدستہ و اجرک پیش کیا۔